کشمیر کے معاملے پر ترکی پاکستان کے ساتھ ہے

انقرہ : ترک صدر طیب اردگان نے انقرہ میں ترک سفرا کی عالمی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر کشمیر کا تذکرہ کیا ہے اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ کشمیر کے معاملے پر ترکی پاکستان کے ساتھ ہے۔اس حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ترک صدر طیب اردگان کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں حالیہ کشیدگی پر پاکستانی وزیراعظم عمران خان سے نتیجہ خیز گفتگو ہوئی ہے اور وہ جلد وزیراعظم نریندر مودی سے اس متعلق گفتگو کریں گے۔ترک صدر نے مزید کہا بھارتی اقدام کے باعث مقبوضہ کشمیر میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں جس کے اثرات خطے پر بھی پڑیں گے۔اس صورتحال پر تشویش ہے،بھارتی وزیراعظم سے گفتگو میں خطے میں کشیدگی اور تناؤ کے خاتمے کے لیے اقدامات پر تبادلہ خیال کروں گا۔ترک صدر طیب اردگان نے ترک سفرا کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کی خراب ہوتی صورتحال پر میں قریب سے نظر رکھے ہوئے ہوں اور اس پر میں نے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فون پر بات کی ہے۔